سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی اتحاد میں پیپلز پارٹی کا رہنا ملکی مفاد کے عین مطابق ہے۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کا احتجاج: حکومت نے اسپیشل اکنامک زونز ترمیمی آرڈیننس واپس لے لیا
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آرڈیننس سے متعلق پیپلز پارٹی کے واک آؤٹ کو سنجیدگی سے لیا، جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد کے اندر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور یہی یکجہتی پاکستان کے لیے فائدہ مند ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیاکہ پیپلز پارٹی کا اتحاد میں شامل رہنا قومی مفاد کے تحت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی یا جماعتی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔
قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف کی تقرری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا اور پیپلز پارٹی اس عہدے کی خواہاں نہیں۔
سابق وزیراعظم نے وزیراعظم کی جانب سے کابینہ اراکین کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس نہایت اہم ہوتے ہیں اور ہر رکن کی موجودگی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کردیے، گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کے دستخطوں کے بغیر ایک آرڈیننس جاری ہونے پر پیپلزپارٹی نے شدید احتجاج کیا اور قومی اسمبلی سے بھی واک آؤٹ کردیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے آرڈیننس واپس لے لیا۔













