ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو دھمکی پر روس کا سخت ردعمل سامنے آگیا

منگل 13 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے ایران کے خلاف امریکی حملے کی دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں یکسر ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا ایران میں داخلی بے چینی کو جواز بنا کر کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے باز رہے، کیونکہ ایسے اقدامات خطے میں سنگین عدم استحکام کو جنم دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایران کے عوام احتجاج جاری رکھیں اور اداروں پر قبضہ کرلیں، مدد پہنچنے والی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

بیان کے مطابق ایران پر حملے کی دھمکیاں نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گی بلکہ عالمی سلامتی کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ایران کے غیر ملکی شراکت داروں کو تجارتی محصولات میں اضافے کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جنہیں ماسکو نے مسترد کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران میں حالیہ احتجاج جان بوجھ کر بھڑکائے گئے تھے تاہم اب ان کی شدت میں کمی آ رہی ہے، اور روس کو امید ہے کہ ایران میں حالات بتدریج استحکام کی جانب بڑھیں گے۔

واضح رہے کہ ایران میں حکومت کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں، اور اب تک تصادم میں 200 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ایران کی حکومت نے ملک میں ہونے والی افراتفری کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا ہے، جبکہ ایران کے سابق جلا وطن ولی عہد اور اسلامی جمہوریہ کے نمایاں مخالف رضا پہلوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں اور ’قومی انقلاب کی فتح‘ کے موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے عوام کو مدد پہنچنے والی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد آج پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں، ایرانی آرمی چیف

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کے عوام احتجاج جاری رکھیں اور اپنے اداروں کا کنٹرول سنبھالیں۔

انہوں نے مظاہرین کے قتل اور تشدد میں ملوث افراد کے نام محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیاکہ جب تک مظاہرین کے بے مقصد قتل کا سلسلہ بند نہیں ہوتا، وہ ایرانی حکام کے ساتھ تمام ملاقاتیں منسوخ کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp