بھارتی آرمی چیف جنرل اپندر دویدی نے اعتراف کیا ہے کہ آپریشن ’سندور‘ کے دوران پاکستان کو بھارتی افواج کی نقل و حرکت سے متعلق مکمل سیٹلائٹ معلومات حاصل تھیں۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات عائد کیے، تاہم اسی دوران انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو یہ علم تھا کہ بھارتی فضائیہ کے کون سے طیارے، جنگی جہاز اور زمینی یونٹس کس مقام پر موجود اور متحرک ہیں۔
مزید پڑھیں: افواج پاکستان نے مئی کی جنگ میں بھارت کو جو سبق سکھایا وہ کبھی نہیں بھولے گا، وزیراعظم شہباز شریف
جنرل اپندر دویدی نے کہاکہ سیٹلائٹ نگرانی کے ذریعے پاکستان کو یہ مکمل آگاہی حاصل تھی کہ بھارتی افواج کے مرکزی یونٹس، فضائی اثاثے اور طیارے کس سمت اور کس مقام پر حرکت کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ جموں و کشمیر میں سیکیورٹی صورتحال بدستور حساس ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بھارتی آرمی چیف نے مزید کہاکہ پاکستان اور چین نے راکٹ فورس قائم کی ہے، اور بھارت کے لیے بھی اسی نوعیت کی راکٹ فورس تشکیل دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے مئی 2025 کی جنگ میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے رافیل طیاروں سمیت 7 جنگی جہاز گرائے اور دفاعی نظام ایس 400 کو بھی تباہ کیا۔
مزید پڑھیں: جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیں گے جیسے مئی میں دیا تھا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی کے بعد بھارت دفاعی پوزیشن پر چلا گیا، جبکہ پاکستان نے جنگی محاذ پر کامیابی کے بعد سفارتی محاذ پر بھی فتح حاصل کی۔













