مخصوص طبقے کو بجلی، گیس اور ٹیکس میں رعایتیں، مصدق ملک بول پڑے

بدھ 14 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور ٹیکس میں مخصوص طبقے کو دی جانے والی رعایتیں ختم کردی جانی چاہییں۔

پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے اور حکومت کی کوششوں سے اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ خوشحالی حاصل کرنے کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور ماحول دوست اقتصادی ترقی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حقیقی ترقی تب ممکن ہے جب ہر شہری کو کام کرنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، کیونکہ پاکستان میں خوشحالی کا راستہ فی الوقت صرف طاقت اور اثر و رسوخ تک محدود ہو چکا ہے۔

انہوں نے ملکی معیشت میں نجی شعبے کے کردار کو اہم قرار دیا اور کہاکہ ترقی کے لیے ہر شہری کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

مصدق ملک نے مزید کہاکہ ریاست کو کاروبار چلانے کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہیے، اور نجکاری کسی نظریاتی منصوبے کے طور پر نہیں بلکہ مارکیٹ کی کمزوریوں کو درست کرنے کا مؤثر طریقہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp