مچل اسٹارک آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار، دسمبر 2025 کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر کے نام

جمعہ 16 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو دسمبر 2025 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ منتخب کر لیا گیا ہے، یہ اعزاز انہیں ایشز سیریز میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور میچ وننگ پرفارمنس کے اعتراف میں دیا گیا۔

دبئی میں آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مچل اسٹارک نے ویسٹ انڈیز کے بیٹر جسٹن گریوز اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر جیکب ڈفی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ ایشز سیریز میں اسٹارک نے ابتدا ہی میں پرتھ ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کر کے سیریز کا رخ آسٹریلیا کے حق میں موڑ دیا، جبکہ برسبین ٹیسٹ میں مزید 8 وکٹیں لے کر اپنی برتری برقرار رکھی۔

یہ بھی پڑھیں:تیسرا ایشز ٹیسٹ: بین اسٹوکس مچل اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوکر آپے سے باہر، ویڈیو وائرل

دسمبر کے دوران انہوں نے ایڈیلیڈ اور میلبورن ٹیسٹ میں بھی چار، چار وکٹیں حاصل کیں اور یوں مہینے کے اختتام تک 16 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اسٹارک نے بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور برسبین و ایڈیلیڈ میں نصف سنچریاں اسکور کر کے نچلے نمبر پر قیمتی رنز فراہم کیے، جس کی بدولت آسٹریلیا نے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ناقابلِ شکست 3-0 برتری حاصل کی۔

ایشز سیریز میں آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 4-1 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ مچل اسٹارک 31 وکٹوں کے ساتھ سیریز کے سب سے کامیاب بولر رہے اور پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

اعزاز حاصل کرنے پر مچل اسٹارک نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر ایشز جیسی تاریخی سیریز جیتنے کے بعد یہ اعزاز ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، اور ٹیم آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کے لیے اسی رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp