کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا خیبر پختونخوا میں ونٹر کِٹس کی تقسیم کا آغاز

جمعہ 16 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے شدید سرد موسم سے متاثرہ کمزور طبقات کی مدد کے لیے اپنے ملک گیر ونٹرائزیشن پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں ونٹر کِٹس کی تقسیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کنگ سلمان ریلیف کا پاکستان میں پولٹری پر مبنی معاشی خودمختاری منصوبے کا دوسرا مرحلہ مکمل

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سرد اور برفیلے علاقوں میں موسمِ سرما سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ونٹر کِٹس کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت صوبے کے 6 اضلاع لوئر چترال، اپر چترال، اپر دیر، اپر کوہستان، مانسہرہ اور کرم میں مجموعی طور پر چار ہزار ونٹر کِٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

 لوئر اور اپر چترال کے لیے مشترکہ طور پر 8 سو ونٹر کِٹس مختص کی گئی ہیں، جبکہ اپر دیر، اپر کوہستان، مانسہرہ اور کرم کے اضلاع کے لیے بھی مجموعی طور پر 8 سو ونٹر کِٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کِٹس میں مردوں اور خواتین کے لیے گرم شالیں، بچوں اور بڑوں کے لیے گرم ملبوسات اور 2 پالئیسٹر رضائیاں شامل ہیں تاکہ شدید سردی میں خاندانوں کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

خیبر پختونخوا میں یہ تقسیم کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ملک گیر ونٹر سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت پاکستان کے 28 انتہائی سرد اور متاثرہ اضلاع میں مجموعی طور پر 22 ہزار ونٹر کِٹس تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اس منصوبے میں خیبر پختونخوا کے علاوہ بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب اور سندھ کے وہ علاقے شامل ہیں جہاں موسمِ سرما کے دوران درجہ حرارت غیر معمولی حد تک کم ہو جاتا ہے۔

منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اس سرگرمی کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

اس مربوط انسانی ہمدردی کی کوشش کے ذریعے ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کے مستفید ہونے کی توقع ہے، جو پاکستان میں کمزور طبقات کی مدد اور موسمِ سرما کی سختیوں کو کم کرنے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مستقل عزم کا واضح اظہار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp