برطانوی شاہی خاندان کے ولی عہد شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی صاحبزادی شہزادی شارلٹ رفتہ رفتہ ایک پراعتماد اور خودمختار شخصیت کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی خاندان کی سابق رکن سارہ فرگوسن آسٹریلیا جانے کی خواہشمند لیکن سانپوں کا خوف آڑے
شاہی مبصرین کے مطابق کم عمری کے باوجود ان کے انداز اور باڈی لینگویج میں نمایاں اعتماد دکھائی دینے لگا ہے۔
مئی 2026 میں 11 برس کی ہونے والی شہزادی شارلٹ کو حالیہ شاہی تقاریب کے دوران کئی بار اپنی والدہ شہزادی کیٹ کے ساتھ دیکھا گیا تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اب وہ اکثر مصروف عوامی تقریبات میں خود اعتماد کے ساتھ چلتی نظر آتی ہیں۔
گزشتہ موسم گرما میں ومبلڈن ٹینس مقابلوں سے لے کر سینڈرنگھم میں کرسمس ڈے کے موقع پر چرچ جانے تک شہزادی شارلٹ کو اطمینان اور اعتماد کے ساتھ اکیلے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر پیٹریشیا بریٹو کے مطابق شہزادی شارلٹ کی باڈی لینگویج میں یہ تبدیلی ایک مثبت اور صحت مند علامت ہے۔
ہیلو میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عمر میں بچے فطری طور پر خودمختاری کی جانب چھوٹے قدم اٹھانا شروع کرتے ہیں جس کی وجہ والدین سے دوری نہیں بلکہ ان کے ساتھ مضبوط اور محفوظ تعلق ہوتا ہے۔
مزید پڑھیے: برطانوی شاہی خاندان کی معمر ترین رکن شہزادی کیتھرین انتقال کرگئیں
ڈاکٹر پیٹریشیا کے مطابق نفسیات میں محفوظ وابستگی کا تصور بہت اہم ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ بچہ جانتا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو والدین موجود ہوں گے۔
ان کے بقول کسی مصروف اور عوامی ماحول میں بچے کا اعتماد کے ساتھ اکیلے چلنا اس بات کی علامت ہے کہ وہ خود کو محفوظ، پرسکون اور ماحول کو سنبھالنے کے قابل سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہزادی شارلٹ کا اعتماد دراصل ان کے اور شہزادی کیٹ کے درمیان مضبوط اور صحت مند تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر رہنمائی کے والدین کے ساتھ پرسکون انداز میں چلنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بچہ اندرونی طور پر مضبوط ہے اور جذباتی طور پر جڑا ہوا بھی۔
ماہرِ نفسیات کا کہنا تھا کہ مختلف مواقع پر مسلسل اسی طرح کا رویہ دیکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کوئی عارضی لمحہ نہیں بلکہ اعتماد میں مستقل اضافہ ہے۔
ڈاکٹر پیٹریشیا بریٹو کے مطابق اس اعتماد میں شہزادی کیٹ مڈلٹن کا کردار کلیدی ہے۔
مزید پڑھیں: حقیقی زندگی میں طلسماتی کہانی جیسا سماں باندھتی مشہور شاہی شادیاں
ان کا کہنا تھا کہ شہزادی کیٹ ایک ایسی والدہ کے طور پر سامنے آئی ہیں جو اپنے بچے کے لیے محفوظ بنیاد فراہم کررہی ہیں یعنی وہ قریب، توجہ دینے والی اور جذباتی طور پر دستیاب رہتی ہیں اور شہزادی شارلٹ کو خود آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کا موقع بھی دیتی ہیں۔














