واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا بیٹا اپ ڈیٹ جاری کیا ہے جس میں اسٹیٹس پرائیویسی انفارمیشن فیچر شامل ہے۔ یہ فیچر فی الحال کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے، اور مستقبل میں اسے عام صارفین تک بھی پہنچانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو ہر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے لیے استعمال شدہ پرائیویسی سیٹنگز دکھانا ہے۔ عام طور پر واٹس ایپ صارفین اپنی اسٹیٹس کی پرائیویسی سیٹنگز بدلتے ہیں، جیسے کہ آل کانٹیکٹس، سلیکٹڈ کانٹیکٹس، یا مخصوص افراد کو ایکسکلوڈ کرنا۔
یہ بھی پڑھیں:ارکانِ اسمبلی کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک، قومی اسمبلی میں خطرے کی گھنٹی
وقت کے ساتھ یہ یاد رکھنا مشکل ہوسکتا ہے کہ کس پوسٹ کے لیے کون سا آپشن منتخب کیا گیا تھا، اور یہی مسئلہ یہ فیچر حل کرتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے اسٹیٹس کھولیں اور ویوورز کی فہرست دیکھیں، اس کے بعد 3 نقطوں والے مینو پر کلک کریں اور آڈینس کا انتخاب کریں۔
اس کے بعد اسکرین پر دکھایا جائے گا کہ اسٹیٹس کس کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا، مائی کانٹیکٹس، مائی کانٹیکٹس ایکسپٹ یا اونلی شیئر وِد۔ اگر محدود فہرست استعمال کی گئی ہو تو شامل یا خارج کیے گئے رابطے بھی نظر آئیں گے۔
اسکرین یہ بھی بتاتی ہے کہ آیا ویوورز کو اسٹیٹس دوبارہ شیئر کرنے کی اجازت ہے، جس سے پوسٹ کے بعد پرائیویسی اور شیئرنگ کنٹرول کی تصدیق آسان ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے ممبر ٹیگز، ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈرز فیچرز متعارف کرا دیے
اس سے قبل صارفین اکثر پرائیویسی سیٹنگز کے بارے میں غیر یقینی ہونے پر اسٹیٹس ڈیلیٹ کر کے دوبارہ پوسٹ کرتے تھے، لیکن یہ اپ ڈیٹ اس ضرورت کو ختم کر دیتا ہے اور واضح طور پر دکھاتا ہے کہ اسٹیٹس کس کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے، تاہم مستقبل قریب میں اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔














