رہنما پی ٹی آئی راجا خرم نواز نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف سے علیحدگی اور سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
رہنما تحریک انصاف راجا خرم نواز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ فی الوقت ہم سیاست سے دستبردار ہو رہے ہیں۔’ 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، واقعات میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت عدلیہ اور فوج اور پارلیمان کو چاہیے کہ سارے مل کے بیٹھیں اور ملک کو ہیجان سے نکالنے کے لیے کوئی ایسا لائحہ عمل اختیار کریں جس سے اس ملک کے غریب عوام کو سہولت مل سکے۔
راجا خرم نواز نے کہا کہ مستقبل کا لائحہ عمل ساتھیوں سے مشاورت کے بعد طے کریں گے۔ حلقے کے عوام نے جو ڈیوٹی دی تھی وہ ایمان داری سے پوری کی، اداروں کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کر سکتے۔
’پارٹی چھوڑنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے، والدہ شدید بیمار ہیں۔ اکلوتا ہوں، دنیا میں ماں سے زیادہ کوئی عزیز نہیں ہے۔ اس لیے سیاست سے کنارہ کش ہو رہا ہوں۔‘