قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ماضی میں انہیں کئی بار سرکاری عہدوں کی پیشکش ہو چکی ہے، تاہم ان کا فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
’بوم بوم‘ کے نام سے جانے والے معروف کرکٹر اب کراچی سے اسلام آباد منتقل ہو چکے ہیں، اور انہوں نے خود اس بات کی تصدیق بھی کردی ہے۔
مزید پڑھیں: سیاستدان بننا ہے یا نہیں؟ شاہد آفریدی نے بالآخر حتمی فیصلہ کرلیا
اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو تیزی سے آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم ان کے نزدیک ترقی کا اصل راز پالیسیوں اور نظام میں تسلسل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند ذاتی وجوہات کی بنا پر انہوں نے کراچی چھوڑ کر اسلام آباد میں مستقل سکونت اختیار کی ہے۔
سابق کپتان کے مطابق پاکستان اور پاکستانی کرکٹ نے انہیں عالمی سطح پر پہچان، عزت اور مقام دیا، اب ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی صورت ملک اور کرکٹ کو اس کا قرض اتار سکیں۔
شاہد آفریدی نے واضح کیا کہ فی الحال سیاست میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں، ان کا ماننا ہے کہ منتخب حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اسی طرح چیف جسٹس، آرمی چیف اور دیگر اہم آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی اپنی مدت مکمل کرنے دی جانی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیاکہ ماضی میں انہیں اہم سرکاری عہدوں کی پیشکش ہو چکی ہے، تاہم وہ ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے دور رہے کیونکہ محض علامتی یا نمائشی عہدے ان کے لیے پرکشش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام، پالیسیوں اور ریاستی اداروں میں تسلسل ہی کسی بھی ملک کی مضبوط بنیاد ہوتا ہے۔ اگر ادارے اپنی آئینی مدت مکمل کریں تو پالیسیاں قائم رہتی ہیں اور ترقی کے ثمرات جلد عوام تک پہنچتے ہیں۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری نے شاہد آفریدی کو ڈفر کہہ دیا، اصل معاملہ کیا ہے؟
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کے حوالے سے ماضی میں بھی یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں وہ سیاسی میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔













