بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسز کے بیٹر اور سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ساتھی کھلاڑی اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کے ساتھ ہونے والی کشیدگی پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ یہ معاملہ سڈنی سکسز اور سڈنی تھنڈر کے درمیان بی بی ایل 15 کے میچ کے دوران سامنے آیا، جو 16 جنوری کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش: اسٹیون اسمتھ کے سنگل نہ لینے پر بابراعظم ناراض کیوں ہوئے؟
میچ کے دوران ایک اہم لمحے پر اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو سنگل لینے سے روک دیا تھا، جو بعد میں میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ واقعہ 11ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا جب بابر نے گیند لانگ آن کی جانب کھیلی اور سنگل لینے کی کوشش کی، تاہم اسٹیو اسمتھ نے غیر متوقع طور پر رن مکمل نہ ہونے دیا۔
"Wasn't happy, Babar." 😳
Drama in the middle of the SCG after Steve Smith knocked back a run from Babar Azam, so he could take strike during the Power Surge. #BBL15 pic.twitter.com/rTh0RXE0A5
— KFC Big Bash League (@BBL) January 16, 2026
اوور کے اختتام پر اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو بتایا کہ وہ پاور سرج استعمال کرنے والے ہیں، جس کے دوران فیلڈنگ سائیڈ کو صرف 2 کھلاڑی دائرے سے باہر رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔
اس کے بعد اسٹیو اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریان ہیڈلی کے ایک ہی اوور میں 4 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ یہ اوور مجموعی طور پر 32 رنز کا ثابت ہوا، جو بی بی ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا اوور قرار دیا گیا۔
اس میچ میں سڈنی سکسز نے 190 رنز کا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا اور اس فتح میں اسٹیو اسمتھ کا کردار فیصلہ کن رہا۔ بعد ازاں بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بابر اعظم اس واقعے پر ناخوش تھے اور انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں سے شکوہ کیا کہ انہیں نظر انداز کیا گیا۔
یہ بھی کہا گیا کہ بابر اعظم میچ کے بعد روایتی مصافحے میں شریک نہیں ہوئے، جبکہ ٹیم کے کوچ گریگ شپرد نے مبینہ طور پر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ان سے بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ، بابراعظم اور اسٹیو سمتھ سڈنی سکسررز کے لیے بطور اوپنرز میدان میں اترے
برسبین میں برسبین ہیٹ کے خلاف میچ سے قبل اسٹیو اسمتھ نے آفیشل براڈکاسٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ تعلقات پر وضاحت پیش کی۔ اسٹیو اسمتھ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں اور وہ میچ سے قبل ایک دوسرے سے بات چیت بھی کر چکے ہیں۔
انہوں نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی تھی اور وہ ذاتی موضوعات پر بھی گفتگو کرتے رہے۔
"Have you and Babar made up?"
Steve Smith's response 👇 ⛳ #BBL15 pic.twitter.com/I4Gb8Y8ISM
— KFC Big Bash League (@BBL) January 18, 2026
اسٹیو اسمتھ کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم آئندہ میچ کے لیے پُرعزم ہیں اور پچ بھی بہتر دکھائی دے رہی ہے، جس سے ٹیم کو ایک بار پھر اچھا آغاز ملنے کی امید ہے۔ اس گفتگو کے دوران گالف کھیلنے سے متعلق سوال پر اسٹیو اسمتھ نے اشارہ دیا کہ اگر موقع ملا تو وہ بابر اعظم کے ساتھ کھیلنے پر بھی غور کر سکتے ہیں۔
یوں اسٹیو اسمتھ کی وضاحت کے بعد یہ تاثر ملا ہے کہ میچ کے دوران پیش آنے والا واقعہ محض حکمت عملی کا حصہ تھا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تعلقات معمول کے مطابق ہیں۔













