معروف سوشل میڈیا اسٹار ڈاکٹر نبیہہ علی خان نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بیان دیا ہے کہ اگر ان کے شریک حیات حارث دوسری شادی کرتے ہیں اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑتے تو وہ خود علیحدگی اختیار کر لیں گی۔
ڈاکٹر نبیہہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت جس میں انہوں نے کہا کہ یہ بات انہوں نے اپنے سسرال والوں سمیت دیگر افراد کے سامنے بھی واضح طور پر بیان کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اتنی محبت کے باوجود کسی مرد کو دوسری عورت کی ضرورت محسوس ہو تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ عورت کو صحیح معنوں میں سمجھ نہیں پایا، اور ایسے حالات میں ان کا وہاں رہنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرد ایک عورت کے ساتھ ہی خوش رہ سکتا ہے اور اپنی محبت کو ایک سے زیادہ خواتین میں بانٹنا ممکن نہیں ہے۔ ڈاکٹر نبیہہ کے مطابق، اکثر مرد دوسری شادی یا تو دوسروں کو ڈرانے یا سزا دینے کے مقصد سے کرتے ہیں یا پھر کہتے ہیں کہ تم تو میری پسند ہی نہیں تھی۔
ڈاکٹر نبیہہ علی خان کے یہ بیانات سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں اور ان کی نجی زندگی کے حوالے سے عوام میں بحث کو جنم دے رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ان کی باتیں شادی سے پہلے کچھ اور تھیں اور شادی کے بعد اور ہیں۔ فہد حسین نامی صارف کا کہنا تھا کہ یہ پہلے مردوں کی آواز تھیں اب یکا یک عورتوں کی بن گئی ہیں جبکہ دیگر صارفین نے کہا کہ جب بات اپنے پر آئی تو ڈاکٹر نبیحہ نے بیان تبدیل کر لیا ہے۔













