خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں پالتو کتے کو مبینہ طور پر مارنے کے تنازع پر کتے کے مالک نے نوجوان کو قتل کر کے لاش آگ لگا دی، لاش کو نکالنے کے لیے پولیس پہنچی تو فائرنگ سے قاتل بھی مارا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ضیا الدین نے بتایا کہ یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود سرور غزنی خیل میں پیش آیا۔ پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم کی نوجوان کے ساتھ لڑائی پالتو کتے کو مارے جانے پر ہوئی اور کتے کے مالک نے نوجوان کو مبینہ طور پر قتل کر دیا جبکہ لاش بھی دینے سے بھی انکاری رہا اور اس دوران غصے میں لاش کو آگ لگا دی۔
انھوں نے کہا کہ پولیس پہنچنے کے بعد بھی ملزم لاش دینے سے انکاری تھا اور کافی دیر تک لاش کی حوالگی کے حوالے سے کشمکش ہوئی جبکہ اس دوران لاش تحویل میں لینے کے دوران پولیس اور ملزم میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران کتے کا مالک بھی مارا گیا۔
پولیس نے ملزم کی شناخت عمیر ولد ظفر اقبال سکنہ سرور غزنی خیل کے نام سے کی ہے جس نے شاقیاز نامی نوجوان کو قتل کرنے کے بعد لاش پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی تھی۔
پولیس نے دونوں لاشیں ڈی ایچ کیو منتقل کرکے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کر دیں۔
ایس ایچ او تھانہ صدر پولیس اسٹیشن نے وی نیوز کو بتایا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ان کے مطابق ملزم کی جانب سے لاش کو آگ لگانے کے باعث پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ بعد میں لاش دینے سے بھی انکاری تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملزم آئے روز لڑائی جھگڑے کرتا تھا جس سے علاقہ مکین بھی تنگ تھے۔