خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے 100 ارب روپے مختص کرتے ہوئے شہر کے داخلی جی ٹی روڈ پر بحالی اور آرائش کا کام شروع کر دیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان کے مطابق صوبائی حکومت نے پشاور کی عظمتِ رفتہ بحال کرنے کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت کی خوبصورتی کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس منصوبے کا آغاز شہر کے مرکزی داخلی راستے پیر زکوڑی پل اور جی ٹی روڈ سے کیا گیا ہے، جہاں پلوں کو آرٹ ورک کے ذریعے خوبصورت بنایا جا رہا ہے اور گرین بیلٹس کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق پیر زکوڑی پل سے اسمبلی چوک تک بجلی کے تاروں کو بھی زیرِ زمین کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی توجہ صرف شہر کے داخلی جی ٹی روڈ تک محدود ہے، جبکہ جی ٹی روڈ سے ہٹ کر باقی علاقے حکومتی توجہ سے محروم ہیں۔ شہریوں کے مطابق حکومت ان علاقوں پر زیادہ فنڈز خرچ کر رہی ہے جو پہلے ہی نسبتاً بہتر حالت میں ہیں۔
صاف ستھری اور خوبصورت جی ٹی روڈ سے ذرا دائیں یا بائیں رخ کریں تو صورتِ حال بالکل مختلف دکھائی دیتی ہے۔ بیشتر گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جبکہ نکاسیِ آب کی ناقص صورتِ حال کے باعث نالوں کا گندا پانی رہائشی علاقوں میں جمع رہتا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور رنگ روڈ سے باہر کے کئی علاقے صفائی کی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔
مزید اس ویڈیو رپورٹ میں…













