پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے شہر کی متحرک کاروباری برادری کی تعریف کی اور امریکا و پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ باہمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کیا۔
مزید پڑھیں: اصلاحات اور استحکام کے بعد پاکستان امریکا کے لیے اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر ابھرنے لگا
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 8 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ تجارت میں توسیع اس مضبوط بنیاد کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان میں اور عالمی سطح پر امریکی معاشی شراکت داری کے مثبت اثرات کو نمایاں کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان منصفانہ اور متوازن تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے خوشحالی کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور نمایاں سرمایہ کار رہا ہے، تجارتی وسعت اور مشترکہ خوشحالی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
دورے کے دوران امریکی ناظم الامور نے فارورڈ اسپورٹس، فرسٹ امریکن کارپوریشن لمیٹڈ اور سی اے اسپورٹس کا بھی دورہ کیا، جو سیالکوٹ کی اسپورٹنگ گڈز انڈسٹری میں عالمی سطح پر پہچان رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا معائنہ کیا اور ایئر سیال کی انتظامیہ سے ملاقات بھی کی۔ ان ملاقاتوں اور دوروں کے ذریعے عالمی سپلائی چینز، روزگار کے مواقع اور تجارت کے ذریعے معاشی ترقی میں امریکا اور پاکستان کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
نیٹلی بیکر نے کہاکہ امریکا جدید ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری صلاحیتوں کے ذریعے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اعلانِ آزادی کی 250ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ یہ موقع صرف ماضی پر نظر ڈالنے کا نہیں بلکہ مستقبل کے لیے جدت، تجارت اور عالمی سطح پر قیادت کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہے۔
امریکی ناظم الامور نے کہاکہ امریکا کھیلوں اور کاروبار کے ذریعے عوام، منڈیوں اور ثقافتوں کو جوڑنے کے لیے شراکت داریوں کو مزید مستحکم کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان امریکا تعلقات کو پاک چین دوستی کے تناظر میں نہ دیکھا جائے، اسحاق ڈار
نیٹلی بیکر نے مزید کہاکہ امریکا پاکستان اور اس کے عوام میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھا رہا ہے، جس کی بنیاد پاکستان کی آزادی کے وقت رکھی گئی تھی اور جو تجارت، جدت، تعلیم اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔














