متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے قائم کردہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
یہ اعلان یو اے ای کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان نے کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی کابینہ نے غزہ بورڈ آف پیس کی حمایت کردی، امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا خیرمقدم
شیخ عبد اللہ بن زاید نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کا یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے مکمل نفاذ کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی قیادت اور عالمی امن کے لیے ان کے عزم پر اعتماد کا اعادہ کیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے کہاکہ متحدہ عرب امارات بورڈ آف پیس کے مشن میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے ذریعے تمام فریقین کے لیے تعاون، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی کابینہ نے غزہ پٹی کے لیے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فلسطینی علاقے کی انتظامیہ کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ بورڈ آف پیس کی حمایت کی ہے۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں منعقد ہوا جس کی صدارت سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان کو شمولیت کی دعوت دے دی
اجلاس میں وزرا نے غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد اور انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی اتھارٹی کے علاقے میں واپس آنے اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا، تاکہ اقوام متحدہ کے قراردادوں، عرب امن منصوبے اور دو ریاستی حل کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جا سکے۔














