بھارتی فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
بھارت کی فضائیہ کا تربیتی طیارہ بدھ کے روز پریاگ راج میں معمول کی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کو شیڈول تربیتی مشن کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا ہوا، جس کے باعث پائلٹ طیارے پر کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا۔ طیارہ قریبی تالاب میں جا گرا اور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 2025: فضائی مسافروں کے لیے خوف و دہشت کا سال، درجنوں حادثات، سینکڑوں ہلاک
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فضائیہ، مقامی انتظامیہ اور ہنگامی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی، سرچ اور ریکوری آپریشن شروع کیا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ حکام صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے سے چند لمحے قبل زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی، جس کے بعد طیارہ تیزی سے نیچے آ کر پانی میں جا گرا۔ اچانک حادثے سے آس پاس کے علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: انڈیا نے 3 جنگی جہاز گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی
بعد ازاں بھارتی میڈیا نے بتایا کہ حادثے کا شکار طیارہ ایک دو نشستوں پر مشتمل مائیکرو لائٹ تھا جو جارج ٹاؤن کے علاقے میں کے پی کالج گراؤنڈ کے قریب معمول کی پرواز پر تھا، ریکوری سسٹم بروقت فعال کر دیا گیا تھا اور طیارے میں سوار پائلٹ اور دوسرا عملے کا رکن محفوظ رہے۔
ابتدائی رپورٹس میں طیارے کو تربیتی جیٹ قرار دیا گیا تھا اور دو پائلٹس کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم حکام کے مطابق تاحال کسی زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ حتمی تفصیلات ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے ’اڑتے تابوت‘، 30 سال میں 534 طیارے تباہ، 152 پائلٹس ہلاک
بھارتی فضائیہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیق کے دوران تکنیکی جائزہ لیا جائے گا اور جائے حادثہ سے حاصل شواہد کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔
یہ واقعہ چند ماہ قبل نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران تیجس فائٹر جیٹ کے مہلک حادثے کے بعد پیش آیا ہے، جس میں ایک بھارتی پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے بعد بھی عدالتی تحقیقات شروع کی گئی تھیں اور بھارت میں فضائی سلامتی کے معاملات پر نئی بحث نے جنم لیا تھا۔













