امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے یورپ سے پیار ہے مگر وہ سیدھے راستے پر نہیں چل رہا، گرین لینڈ کے معاملے پر اگر ہاں کی گئی تو شکرگزار رہوں گا، لیکن اگر انکار کیا گیا تو اسے یاد رکھا جائےگا۔
ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ جب امریکا ترقی کرتا ہے تو دنیا بھی اس کے ساتھ ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے خطاب کے آغاز میں وینزویلا کی صورتحال پر بھی تفصیل سے گفتگو کی، اور کہاکہ جیسا وینزویلا نے امریکا کے ساتھ معاہدہ کیا ویسا ہی دیگر ممالک کو بھی کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے صدر ٹرمپ کی ‘غزہ بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی
صدر ٹرمپ نے پیش گوئی کی کہ نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد وینزویلا امریکی کنٹرول میں شاندار کارکردگی دکھائے گا اور اگلے 6 ماہ میں وہ اتنا مالی فائدہ حاصل کرے گا جتنا پچھلے 20 سالوں میں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ وینزویلا میں حالیہ بڑی کارروائی کے بعد ہر بڑی آئل کمپنی امریکا کے ساتھ کام کررہی ہے، جو ان کے بقول حیران کن ہے۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر دلسی رودریگز کی قیادت میں چلنے والی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ امریکی حکام کے ساتھ موثر تعاون کررہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس اقدام کو سراہا اور دیگر ممالک کو بھی اسی طرح کے معاہدوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔
یورپی ممالک کے حوالے سے امریکی صدر نے کہاکہ بعض حصے اب پہچان میں نہیں آتے اور ان کی ترقی کی رفتار مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گرین انرجی پر ضرورت سے زیادہ توجہ اور عوامی ہجرت نے یورپ کو نقصان پہنچایا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کو برف کا ایک اہم علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی مکمل ملکیت اور قانونی حق امریکا کو دیا جائے تاکہ اس کا دفاع ممکن ہو۔
انہوں نے وضاحت کی کہ لیز یا لائسنس پر لی گئی جگہ کا دفاع ممکن نہیں، جبکہ ملکیت کے ساتھ دفاع کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
صدر نے گرین لینڈ کی ملکیت کو نیٹو کے لیے خطرہ نہیں بتایا اور کہا کہ امریکا کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ کے باوجود اس اقدام سے نیٹو کی سیکیورٹی مضبوط ہوگی۔
امریکی صدر نے کہاکہ امریکا پوری دنیا کا معاشی انجن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت ان کے دور میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور تجارتی پالیسیوں نے امریکا کو ترقی کی جانب گامزن کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا ذکر چھیڑ دیا
انہوں نے وینزویلا کی مدد کے حوالے سے کہاکہ وہاں صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور مستقبل میں زیادہ مالی فوائد ہوں گے کیونکہ بڑی آئل کمپنیاں امریکا کے ساتھ وہاں کام کر رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یورپی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ اصلاحات پر توجہ دیں تاکہ ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکیں۔













