بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر نظرثانی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ مشیر امورِ نوجوانان و کھیل آصف نذرل نے کہا ہے کہ اس معاملے میں مؤقف تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش معجزے کی تلاش میں
ڈھاکہ میں ایک ہوٹل میں قومی کرکٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف نذرل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے میچز کے مقام میں تبدیلی کی درخواست پر منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔ ان کے مطابق سکیورٹی سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں اور عالمی گورننگ باڈی سے انصاف کی توقع برقرار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش نے حفاظتی مسائل حل نہ ہونے پر میچز کی منتقلی کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے ممکنہ بائیکاٹ کے باوجود ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ٹیم کی شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کے واضح جواب کے باوجود بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے مؤقف پر قائم
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام آخری مرحلے کے ممکنہ آپشنز پر غور کر رہے ہیں، تاہم حکومتی مؤقف میں نرمی کے کوئی آثار نہیں۔
اس تنازع نے 2026 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جس کے اثرات شیڈولنگ، براڈکاسٹنگ اور علاقائی کرکٹ سفارتکاری پر پڑسکتے ہیں۔










