یوم تکبیر: قوم اپنے نامور انجینئرز، سائنسدانوں اور سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، صدر عارف علوی

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز، سائنسدانوں اور سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

 صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کیے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھے۔ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا جس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے‘۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ  پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

صدر علوی کا کہنا تھا ’آئیے ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے، اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں، کہا مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

یوم تکبیر: ایٹمی دھماکوں کے 25 برس مکمل، وزیراعظم اور آئی ایس پی آر کی مبارکباد

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 25 برس مکمل ہوگئے، آج ہی کے دن 28 مئی 1998 کو پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا تھا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے قوم کو مبارک پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کو بین الاقوامی دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے، اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ اسی اتحاد ، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کرکے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے، آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے۔ معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔

28 مئی 1998: وزیراعظم پاکستان نوازشریف ایٹمی دھماکوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالیٰ کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سُپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔ نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔

پاک فوج سائنس دانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتی ہے: آئی ایس پی آر

یوم تکبیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منارہی ہے، پاکستان کی اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی۔

اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بہترین ذہنوں نے مشکل چیلنجز کے باوجود کارنامہ سرانجام دیا، مسلح فوج ان افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سائنس دانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتی ہے، یہ وطن ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان زندہ باد۔

یوم تکبر: 28 مئی 1998

یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے۔ اس دن کو یوم تکبیر کے نام سے موسوم کیا گیا تھا۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے مطابق 28 مئی کو کیے گئے ٹیسٹوں سے ریکٹر اسکیل پر زلزلے کے 5.0 سگنل پیدا ہوئے، جس کی مجموعی پیداوار 40 KT تک ہے۔

چاغی: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنس دانوں اور انجینئرز کا ایٹمی دھماکوں کی کامیابی کے بعد گروپ فوٹو

یہ جوہری تجربہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ پہاڑیوں میں کیا گیا۔ چاغی اول پاکستان کا ایٹمی ہتھیاروں کا پہلا تجربہ تھا۔ یہ 11 اور 13 مئی 1998ء کو ہندوستان کے دوسرے جوہری تجربوں کا اسٹریٹجک جواب تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp