خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال میں شدید برف باری کے باعث ایک گھر پر برف کا تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: برفباری سے مری کی سڑکیں بند، اسلام آباد پولیس کا سیاحوں کے لیے ٹریفک الرٹ جاری
لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے وی نیوز کو بتایا کہ یہ واقعہ ارندو میں پاک افغان سرحد کے قریب سریگال دمیل نامی گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں گزشتہ روز سے جاری برف باری کے دوران معمول سے کہیں زیادہ برف پڑ چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شدید برف باری کے باعث گلیشیئر آیا جس کے دوران برف کا ایک بڑا تودہ ایک گھر پر آ گرا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ باچا نامی شخص کا گھر درہم برہم ہو گیا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دمیل ایک دورافتادہ اور پہاڑی علاقہ ہے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں حصہ لیا اور 9 افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں جبکہ ایک بچے کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گھر میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد موجود تھے۔
مزید پڑھیے: بالائی علاقوں میں شدید برفباری، قومی شاہراہیں کھلی رکھنے کے احکامات جاری
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دمیل ایک دورافتادہ علاقہ ہے اور شہر سے تقریباً 4 گھنٹے کے فاصلے پر واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے حکام موقع کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، اہم قومی شاہراہیں بند
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز سے جاری برف باری کے دوران چترال کے مختلف علاقوں میں 6 سے 20 انچ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ شدید برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔














