جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی پر شک وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس سے دور ہو جانا چاہیے، عمران خان

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کسی کو شک ہے کہ جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جا رہی تو وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس سے یہ شکوک و شبہات دور ہو جانے چاہئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ کبھی بھی ریاست کی طرف سے اتنا برا سلوک اور ہراساں نہیں کیا گیا جتنا اس فاشسٹ حکومت نے کیا ہے، یہ خواتین پُر امن احتجاج کر رہی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر کسی کو شک ہے کہ جیلوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جا رہی تو اس سند یافتہ مجرم کی پریس کانفرنس سے یہ شک دور ہو جانا چاہیے۔ یہ شخص واضح طور پر خوفناک کہانیوں کو چھپانے اور ان کے برعکس حقائق میڈیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ رات پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک ٹیلی فون کال ریکارڈ کی ہے جس میں یہ منصوبہ بندی کی جا رہی تھی کہ پی ٹی آئی کے کسی رہنما کے گھر پر جعلی چھاپا مارا جائے گا، جہاں فائرنگ بھی ہو گی جب کہ دوسری پلاننگ میں ریپ کا ذکر ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبہ بندی کا مقصد یہ تھا کہ ریپ کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگا کر معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp