معروف پاکستانی اداکار عمران عباس نے حال ہی میں جشن جون ایلیا میں شرکت کے دوران اپنی مرحومہ والدہ کے لیے لکھی ہوئی ایک نظم سنائی، جس نے حاضرین اور سوشل میڈیا صارفین کو جذباتی کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران عباس نے اپنی سحر انگیز آواز میں خوبصورت نعت شیئر کردی
اداکار عمران عباس نے تقریب میں کہا کہ یہ نظم انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد پہلی عید پر لکھی تھی۔ انہوں نے اپنی نظم میں لکھا۔
آنکھیں ڈھونڈتے ڈھونڈتے تھک گئی عیدی دینے والے ہاتھ
میری نظر اتارنے والے اور وہ صدقہ دینے والے ہاتھ
کتنی ساری باتیں تھیں جو کہنی تھیں تب بھول گیا
میرے ہاتھ سے چھوٹ رہے تھے جب وہ تیرے ٹھنڈے ہاتھ
توں تو مجھ کو 70 ماؤں سے بھی زیادہ جانتا ہے
دیکھ لے کس تکلیف میں ہوں، میرے دل پہ رکھ لے ہاتھ
انہوں نے اس نظم کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے ہاتھوں سے اپنی ماں کو جاتے ہوئے دیکھ رہے تھے اور ان کے ذہن میں بہت سی باتیں تھیں جو وہ کہنا چاہتے تھے مگر وقت نے اجازت نہ دی۔
یہ بھی پڑھیں: ;تنقید محرومی اور احساسِ کمتری کی عکاسی ہے،عمران عباس اور ببرک شاہ آمنے سامنے
عمران عباس نے انسٹاگرام پر بھی اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے دل کی گہرائیوں سے اس محبت اور تعریف کے لیے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی والدہ، والد اور بہن کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی سب کے والدین کو صحت مند اور طویل عمر عطا فرمائے اور جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں ان پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کے کلمات پر شدید جذباتی ردعمل ظاہر کیا اور کئی صارفین نے کہا کہ ان کی نظم سن کر آنکھیں نم ہو گئیں۔ ایک مداح نے لکھا کہ عمران عباس نے جس انداز میں نظم سنائی، وہ دل دہلا دینے والا تھا۔
مداح اب بھی ان کی شاعری کو شیئر کر رہے ہیں اور ان کی جذباتی کیفیت کی تعریف کر رہے ہیں۔













