لاہور کے نجی ہوٹل میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی

ہفتہ 24 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: گل پلازہ آتشزدگی کی ایف آئی آر درج، واقعہ ’غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ‘ قرار

ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق آگ بیسمنٹ ون میں بوائلر پھٹنے سے شروع ہوئی، جس کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ ہوٹل کو مکمل طور پر کلیئر کردیا گیا ہے اور تینوں بیسمنٹس میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو کارروائی میں 27 فائر ٹینڈرز اور 72 اہلکاروں نے حصہ لیا۔

ان کے مطابق گیس اور دھوئیں کے باعث 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بیسمنٹ میں موجود پارک شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں محفوظ رہی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریسکیو ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ 180 افراد کی جانیں بچ جانا اتفاق نہیں بلکہ سیف پنجاب وژن اور فعال ہائیڈرنٹ سسٹم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اور ریسکیو اداروں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: گل پلازہ کی عمارت سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جاری، اہم انکشافات سامنے آگئے

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں درجنوں اموات اور بھاری مالی نقصان ہوا تھا، جس کی مالیت 10 سے 15 ارب روپے کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp