وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ٹائیگر ٹیم بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ٹائیگرز کرکٹ ٹیم کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وہ راولپنڈی ٹائیگرز کو عالمی معیار کی ٹیم بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: لوکل کھلاڑیوں کی نئی ممکنہ کیٹگریز سامنے آ گئیں
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کرکٹ کے فروغ میں لاہور قلندرز کا کردار نمایاں ہے اور پاکستانی عوام کا کرکٹ کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود لاہور قلندرز کے پرانے فین ہیں اور لاہور قلندرز کے سی ای او انہیں رہنمائی فراہم کریں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز میں صرف وہ نوجوان شامل ہوں گے جن کا ڈومیسائل راولپنڈی میں ہو گا اور اس ٹیم کو پی ایس ایل میں لے جانے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کے نوجوانوں کو کالجوں اور اسکولوں میں کھیلوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور انہیں میرٹ کی بنیاد پر بڑے مواقع دیے جا رہے ہیں۔ ٹرائلز 14 اور 15 فروری سے شروع ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:انتظار ختم، پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ کا مکمل نام سامنے آگیا
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور قلندرز ہی راولپنڈی ٹائیگرز کو رہنمائی فراہم کرے گا اور وہ خواتین کی ٹیم بھی تشکیل دینے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی معیار کا اسکواش کورٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ لاہور قلندرز نے جس طرح پاکستانی ٹیلنٹ کو نکھارا ہے، وہ کوئی اور ادارہ نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق ان کے حلقے میں کرکٹ کے جتنے گراونڈ ہیں، وہ کہیں اور نہیں۔













