امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ چین کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ کرتا ہے تو امریکا کینیڈا سے آنے والی تمام مصنوعات پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔
مزید پڑھیں: گرین لینڈ تنازع: ڈونلڈ ٹرمپ کا برطانیہ اور یورپی ممالک پر اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان
ٹرمپ نے ہفتے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں لکھا کہ اگر کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی یہ سوچتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کو چین کے لیے ایک ’ڈراپ آف پورٹ‘ بنا دیں جہاں سے چینی مصنوعات امریکا میں داخل ہوں، تو یہ ایک بڑی غلط فہمی ہے۔

انہوں نے واضح کیاکہ کسی بھی معاہدے کی صورت میں امریکا فوری طور پر کینیڈا سے درآمد ہونے والی تمام اشیا پر مکمل ٹیرف لگائے گا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل گرین لینڈ کے معاملے پر برطانیہ، ڈنمارک اور دیگر یورپی ممالک کے خلاف اضافی تجارتی ٹیرف عائد کرنے کے منصوبے کا اعلان کرچکے ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق یکم فروری سے ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ سے امریکا بھیجی جانے والی تمام اشیا پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، جبکہ یکم جون سے یہ شرح بڑھا کر 25 فیصد کر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ گرین لینڈ حاصل کرنے پر بضد، یورپی اتحادی ڈنمارک کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیرف اس وقت تک برقرار رہیں گے جب تک گرین لینڈ کے مکمل اور حتمی حصول سے متعلق کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا۔













