پاک بحریہ نے بحرِ ہند میں سینکڑوں میل دور ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کے دوران سری لنکا کے ایک شہری کی جان بچا لی۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا سری لنکا میں سیلاب ریسکیو آپریشن جاری، متاثرہ خاندان کی محفوظ منتقلی
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق جہاز پی این ایس تبوک اور پی این ایس معاون نے کھلے سمندر میں موجود ایک بحری جہاز سے سری لنکن شہری کا طبی انخلاء کامیابی سے انجام دیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شہری کی حالت تشویشناک تھی اور اسے فوری طبی امداد درکار تھی، جس پر سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کی درخواست پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جہاز متاثرہ مقام کی جانب روانہ کیے اور بیمار فرد کو بحفاظت جہاز سے منتقل کر لیا۔
بعد ازاں مریض کو پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تبوک پر ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں کامیاب آپریشن، 8 ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا
اعلامیے کے مطابق سری لنکن حکام اور متاثرہ شہری کے اہلِ خانہ نے بروقت امداد اور تعاون پر حکومتِ پاکستان اور پاک بحریہ سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔













