انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس میں اسکاٹ لینڈ کے تمام میچز کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر، آئی سی سی نے متبادل ٹیم شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا
نئے شیڈول کے مطابق اسکاٹ لینڈ اپنا افتتاحی میچ 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، جبکہ دوسرا میچ 9 فروری کو اٹلی کے ساتھ ہوگا۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ یہ میچز طے شدہ پروگرام کے مطابق مختلف اسٹیڈیمز میں منعقد ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق اس شیڈول سے اسکاٹ لینڈ کے شائقین کو اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے اور حمایت کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرنے میں سہولت ملے گی۔
نیا شیڈول عالمی کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اور تمام میچز کی تاریخ و وقت کی تفصیلات آئی سی سی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ اس کے بعد ٹیمیں اپنی تیاریوں اور میچ حکمتِ عملی کو حتمی شکل دیں گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ایونٹ میں شامل کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش سے زیادتی ہوئی، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں اس کا فیصلہ حکومت کرےگی، محسن نقوی
بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے مؤقف اختیار کیاکہ اب چونکہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں کم وقت رہ گیا ہے اس لیے یہ فیصلہ کرنا ممکن نہیں۔













