وزیراعظم پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر براہِ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے دانستہ طور پر ان کے گھر کے سامنے ریلی رکوائی اور کارکنوں سے اشتعال انگیز نعرے بازی کروائی، جس کا مقصد ماحول کو کشیدہ کرنا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ بروقت لیگی کارکنوں کو نہ روکتے تو صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی تھی۔
میرے گھر کے سامنے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی فوڈ سٹریٹ ریلی روکی اور اپنے کارکنوں سے میرے خلاف نعرے بازی، جملے بازی کروائ تاکہ اشتعال پیدا ہو اور کچھ ناخوشگوار ہو جائے، بلا شبہ یہی سب کچھ انہیں چاہئیے ۔ پختون اور جمہوری روایات میں ایسی گھٹیا حرکتوں کی کوئ گنجائش نہیں، میں… pic.twitter.com/CtlNnCaBC1
— Ikhtiar Wali (@ikhtiarwali) January 24, 2026
اختیار ولی خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی فوڈ اسٹریٹ ریلی ان کے گھر کے سامنے رکوائی اور کارکنوں کو ان کے خلاف نعرے بازی اور جملے بازی کی ہدایت دی تاکہ اشتعال پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پختون اور جمہوری روایات میں ایسی گھٹیا حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں اور اس طرزِ عمل کا مقصد محض تصادم کو ہوا دینا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:9مئی میں ملوث سہیل آفریدی کی عوامی عہدے کے لیے اہلیت سوالیہ نشان ہے، اختیار ولی
انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت اپنے ڈیرے پر موجود تھے اور اگر وہ وہاں موجود لیگی کارکنوں کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے پر آمادہ نہ کرتے تو آج بڑے نقصان کا خدشہ تھا۔ اختیار ولی خان کے مطابق اس طرح کے ہتھکنڈے سیاسی اختلاف نہیں بلکہ دانستہ اشتعال انگیزی کے مترادف ہیں۔
واضح رہے کہ اختیار ولی خان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بھی خیبرپختونخوا کی حکومت پر شدید الزامات عائد کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ صوبے میں سرکاری وسائل، فنڈز اور مشینری کو منظم انداز میں ریاست کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک مخصوص سیاسی طبقہ حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی روزمرہ زندگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا تھا کہ عوام کے حقِ زندگی اور آزاد نقل و حرکت پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اختیار ولی خان نے خبردار کیا تھا کہ اگر سڑکیں یا ریلوے ٹریک بند کیے گئے تو عوامی طاقت کے ذریعے انہیں کھلوایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کا وقت ختم، عارضی اقتدار میں بڑھکیں مارنے کی ضرورت نہیں، اختیار ولی
انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام سے اپیل کی تھی کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کے وزرا، مشیران، ارکانِ اسمبلی، سینیٹرز یا پارٹی عہدیداران میں سے کوئی ریاستی نظام مفلوج کرنے کی کوشش کرے تو عوام خود ایسی کارروائیوں کو ناکام بنائیں، کیونکہ کسی بھی صورت عام شہریوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔














