وفاقی حکومت نے سندھ میں معاشی اور تعلیمی ترقی کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کرلیے ہیں، جن کے تحت کراچی میں ایک نیا اکنامک زون قائم کیا جائے گا جبکہ ٹنڈو محمد خان اور کراچی کے علاقے گڈاپ ملیر میں ایک ایک دانش اسکول بھی تعمیر کیا جائے گا۔
حکومتِ پاکستان کے ترجمان برائے سندھ بیرسٹر راجا خلیق الزماں انصاری نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ اقدامات وزیراعظم کی جانب سے سندھ کے عوام، بالخصوص کراچی کے تاجروں کے لیے ایک تحفہ ہیں۔
مزید پڑھیں: دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کیا جائے، مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت گرانے کی دھمکی دیدی
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں طویل المدتی بنیادوں پر تعلیمی اور معاشی ترقی کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر سندھ میں دو دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جن میں سے ایک ٹنڈو محمد خان اور دوسرا کراچی کے علاقے گڈاپ ملیر میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تعلیمی ادارے جدید سہولیات سے لیس ہوں گے اور کم وسائل رکھنے والے اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کراچی کے ضلع ملیر میں قائم کیے جانے والے اکنامک زون سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔
بیرسٹر راجا خلیق الزماں انصاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت سندھ کی ترقی، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور معاشی خود کفالت کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق تعلیم اور صنعت سے متعلق یہ منصوبے نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وفاقی حکومت نہروں کے منصوبے پر کام کرسکے، وزیراعلیٰ سندھ
ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر تمام علاقوں کو شامل کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں خوشحالی اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔














