بزدل نہیں ہوں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا: شیخ رشید

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 3 آدمیوں کو مجھے ختم کی ذمہ داری دی گئی ہے، موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑی میرا زیور ہے اور جیل میرا سسرال ہے۔ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک سے باہر ہونے کے باوجود انہوں نے 9 مئی کے واقعے کی مذمت کی۔ ’میں پاک فوج کو عظیم اور پاکستان کا محافظ سمجھتا ہوں۔ میں بزدل نہیں ہوں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔ 3 آدمیوں کو مجھے ختم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔‘

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وہ  دفاع کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے کہ زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے اور یہ زیادتی انتہا تک پی ڈی ایم کے لوگ لے کر جا رہے ہیں، جو یہ فصل بو رہے ہیں باالآخر انہوں نے کاٹنی ہے۔

’ پچھلے 20 دنوں سے میری بہنوں، بھائیوں، بھتیجوں حتٰی کہ 30 سال پہلے میری مری ہوئی ماں کے گھر پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے اور میری والدہ کے گھر کو توڑ پھوڑ دیا ہے۔

’میں پچھلے دن سے کسی چینل پر نہیں جا رہا اور صرف ایک ٹوئیٹ دے رہا ہوں، اگر میرے ٹوئٹر سے بھی ان کو تکلیف ہے تو میں جب تک گرفتار نہیں ہوں گا ٹوئیٹ کرتا رہوں گا۔ ‘

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کی مجبوری ہو سکتی ہے یا وہ کمزور ہو سکتے ہیں، وہ دباؤ برداشت نہیں کر سکتے۔ وہ سسرال جیل کاٹ نہیں سکتے۔ ’۔۔۔لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑی میرا زیور ہے اور جیل میرا سسرال ہے۔ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘

اپنے ایک ٹوئیٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کی غیرجانبدار تحقیقات کرائی جائیں۔ جو بھی ملوث ہے اُسے سخت سزادی جائے لیکن کس کے کہنے پرپولیس خواب خرگوش سوئی رہی یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے۔ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہوسکتا لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اُن کو ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے۔ جن سزایافتہ مفرورمجرموں کی جائیدائیں اولاد پاکستان سے باہر ہےان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے جب اقتدارکے باہرہوتے ہیں توپرائیوٹ جہازوں سے بھاگتے ہیں ان کوای سی ایل میں ڈالنا چاہیے۔ 13 جماعتوں کے لیڈرنیلامی میں اورعوام پریشانی میں ہیں۔

ایک اور ٹوئیٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی جماعت کوئی شوگرفیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے۔ آج جو(ن) لیگ فصل بورہی ہے کل اُسے کاٹے گی۔ قصورکا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑسکتا۔ یوم تکبیرکے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفر الحق، گوہرایوب اورخود شیخ رشید کو کریڈیٹ دیتاہوں۔ باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp