پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر انہیں اعتماد میں لیا۔
ملاقات میں کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
لاہور۔ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے موقف پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا
کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا اور مکمّل حمایت… pic.twitter.com/DJT2jsy9RW
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) January 25, 2026
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ تنازع: رانا ثنااللہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہونے کی تجویز دیدی
ورلڈ کپ میں بھارت کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے محسن نقوی نے کہاکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی، اور پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے من و عن نافذ کریں گے۔
چئیرمین پی سی بی نے مزید کہاکہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر لحاظ سے باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کی نظریں بھی پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ بجا طور پر کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ سے نکلنے کے بعد بنگلہ دیش کو کتنا مالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے؟
ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے بھی پی سی بی کے اصولی مؤقف کے ساتھ مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینیجر ٹیم نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔













