قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ اگرچہ بابر اعظم کا حالیہ بگ بیش مثالی نہیں رہا، لیکن انہوں نے ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا نے بتایا کہ سری لنکا میں میچز کھیلنے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا کیونکہ ہمیں سفر کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی، جبکہ دیگر ٹیمیں ٹریول کریں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے تجربہ اور نوجوانی کا امتزاج چنا، راشد لطیف
انہوں نے مزید کہاکہ ورلڈ کپ چیلنجنگ ثابت ہوگا اور سری لنکا میں زیادہ رنز بنانے کے امکانات کم ہوں گے، اس لیے پاکستان کو ہر میچ میں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے واضح کیاکہ بابر اعظم کو ٹیم کی ضرورت کے مطابق منتخب کیا گیا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ کسی ایک کھلاڑی کی سلیکشن دوسرے کھلاڑی کی بنیاد پر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ٹیم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور کوچنگ اسٹاف بھی اس بات پر متفق ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کپتان سلمان علی آغا کریں گے، جبکہ بابر اعظم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان، فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم سے باہر
اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق، ابرار احمد، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
سلیکشن کمیٹی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے فاسٹ بولر حارث رؤف کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔













