سینیئر سیاستدان و پاکستان تحریکِ انصاف کے باغی رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے تنہا احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاکہ وہ پرامن انداز میں احتجاج کریں گے اور عمران خان کے حق میں آواز بلند کریں گے۔
“پولیس کی کیا مجال کہ میرا راستہ روکے؟ میں پرامن احتجاج کروں گا اور عمران خان کے حق میں آواز بلند کروں گا۔ ظلم کے سامنے نہیں جھکوں گا، نہ ہی خاموش رہوں گا! اگر راستہ روکا گیا تو میں اپنے حق کے لیے کھڑا رہوں گا۔”
شیر افضل مروت #PTI #protest pic.twitter.com/xq3flx2JTR— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) January 25, 2026
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ انہیں روکے، کیونکہ وہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی نے واضح کیاکہ وہ ظلم کے آگے نہ جھکیں گے اور نہ خاموشی اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگر ان کے احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو وہ اپنے آئینی حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔
شیر افضل مروت کے مطابق احتجاج کے دوران عوام کو اس بات سے آگاہ کیا جائے گا کہ حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کیوں ضروری ہیں اور ان کی رہائی ملک کے مستقبل کے لیے کیوں ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ شیر افضل مروت عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے، تاہم عمران خان کی گرفتاری کے بعد انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں کیں مگر پی ٹی آئی کے سبب ایسا نہیں ہوسکا، شیر افضل مروت
شیر افضل مروت پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے شدید ناقد ہیں، اور وقتاً فوقتاً ان پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔














