امریکی ریاست مین کے شہر بینگر میں ایک نجی طیارہ اتوار کی شام ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے میں 8 افراد سوار تھے۔
حادثے میں سوار افراد کے زخمی ہونے کی نوعیت سے متعلق تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ واقعے سے باخبر ایک ذریعے نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا: یو پی ایس کارگو طیارہ گر کر تباہ، کم از کم 3 ہلاک، 11 زخمی
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بمبارڈیئر چیلنجر 650 بزنس جیٹ تھا۔ بینگر ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق رات 7 بج کر 45 منٹ (مقامی وقت) کے قریب ہنگامی صورتحال پیش آئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کی صورتحال ہے۔ ریاست مین میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے ہے جبکہ ہلکی برفباری کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے۔
وفاقی ریکارڈ کے مطابق طیارہ ہیوسٹن میں رجسٹرڈ ایک لمیٹڈ لائیبلیٹی کارپوریشن کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ حادثے سے چند منٹ قبل ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور پائلٹس کے درمیان کم حدِ نگاہ اور طیارے پر برف صاف کرنے (ڈی آئسنگ) سے متعلق گفتگو سنی گئی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گفتگو کن کے درمیان ہو رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: ترکیہ میں طیارہ حادثہ، لیبیا کے آرمی چیف محمد الحداد ساتھیوں سمیت جاں بحق
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو بینگر ایئرپورٹ کے رن وے 33 سے ٹیک آف کی اجازت دی۔ تقریباً دو منٹ بعد ایک کنٹرولر نے ریڈیو پر بلند آواز میں اعلان کیا، ‘تمام فضائی آمدورفت روک دی گئی ہے، تمام فضائی آمدورفت روک دی گئی ہے۔’
کچھ ہی لمحوں بعد ایک اور کنٹرولر کی آواز سنی گئی، ‘طیارہ الٹا ہو چکا ہے، ہمارے پاس ایک مسافر بردار طیارہ الٹا پڑا ہے۔’ اس کے بعد ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور ہنگامی گاڑیوں کو رن وے پر داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔













