راولپنڈی کی عدالت نے گلی محلوں میں سبزی، پھل اور دیگر اشیا فروخت کرنے کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کردی، اور خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: ریڑھی بانوں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کا بے جا استعمال، شہری نے کارروائی کا مطالبہ کردیا
مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج مقصود قریشی کی عدالت میں ہوئی، جہاں سینیئر وکیل انوار ڈار کی جانب سے دائر درخواست پر غور کیا گیا۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ گلی محلوں میں اشیا کی فروخت کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیاکہ صبح سویرے سے رات گئے تک ہاکرز لاؤڈ اسپیکر پر اپنی اشیا فروخت کرتے ہیں، جس سے رہائشی علاقوں میں شور اور نیند میں خلل پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے ہی لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگا چکی ہے، تاہم خلاف ورزی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: سارا دن ٹھیلا چلا کر شام کو 500 کا منہ دیکھتا ہوں، 12 ہزار کا بل کیسے دوں؟ پاکستانی ریڑھی بان کا شکوہ
ایڈیشنل سیشن جج نے کہاکہ شہری علاقوں میں گلی محلوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے دکانداری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔














