اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں موجود آخری اسرائیلی یرغمالی پولیس افسر ران گویلی کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ نیشنل سینٹر آف فارنزک میڈیسن نے ران گویلی کی شناخت کی تصدیق کردی ہے، اور اب غزہ میں موجود تمام اسرائیلی یرغمالی زندہ یا لاش کی صورت میں وطن واپس آ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ جنگ بندی پر میامی میں مذاکرات، حماس کا اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے بتایا کہ ثالثوں کو ران گویلی کی لاش کے ممکنہ مقام کے بارے میں تمام تفصیلات فراہم کی گئی تھیں، تاکہ امریکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت لاش اسرائیل کے حوالے کی جا سکے۔
اتوار کو اسرائیلی فوج نے بھی شمالی غزہ کے ایک قبرستان میں ران گویلی کی تلاش کی تصدیق کی تھی، اور بعد ازاں یہ کارروائی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔
حماس نے اپنی جانب سے جاری بیان میں کہاکہ یرغمالی کی لاش کی واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کر رہی ہے، اور تنظیم اس سلسلے میں غزہ کی قومی کمیٹی کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتی رہے گی۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے اتوار کی شام اعلان کیا تھا کہ ران گویلی کی لاش بازیاب ہونے کے بعد رفح بارڈر کراسنگ، جو غزہ اور مصر کے درمیان اہم تجارتی و سفری راستہ ہے، دوبارہ کھول دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے سے قبل حماس کا اہم بیان آگیا
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت کئی اہم ممالک ’غزہ بورڈ آف پیس‘ کا حصہ بن گئے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔














