متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران پر کسی ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے لیے اپنی سرزمین، فضائی حدود یا سمندری پانیوں کو استعمال نہیں ہونے دے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی فوجی آپریشن کی صورت میں کسی کو بھی لاجسٹیکل اسپورٹ یا دیگر فوجی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: امریکی جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑا مشرق وسطیٰ پہنچ گیا، ایران کا واشنگٹن کو انتباہ
بیان میں زور دیا گیا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کا حل صرف کشیدگی میں کمی، مذاکرات، بین الاقوامی قوانین کی پابندی اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام میں ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحری بیڑا یو ایس ایس ابراہم لنکن خلیجی پانیوں میں پہنچ چکا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ بیڑا ممکنہ طور پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں استعمال ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر نے اس سے قبل خطے میں آرمیڈا بھیجے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران کی صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔
مزید پڑھیں: مظاہروں کے دوران امریکا ایران کیخلاف فوجی اقدامات پر غور کررہا ہے، سی این این کا دعویٰ
دوسری جانب ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ ان کی نظر ہدف پر مرکوز ہے اور اگلے اقدامات کے لیے صرف روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کے اشارے کا انتظار ہے۔














