محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات مانسہرہ، وادی کاغان، ناران اور شوگران میں شدید برفباری ہوئی جس سے سڑکیں متاثر ہوئیں اور شوگران روڈ کو سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ، کان مہیترزئی، لکپاس اور کوژک ٹاپ میں بھی برفباری ہوئی جس کے بعد قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا عمل ہیوی مشینری کے ذریعے جاری ہے، جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور ریسکیو ادارے سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ملک کے کن حصوں میں آج بارش اور برفباری کا امکان ہے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، ہٹیاں بالا، وادی نیلم اور لیپہ میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی جس کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جبکہ گلگت بلتستان میں استور اور اسکردو میں مزید برفباری متوقع ہے۔ بابوسر ٹاپ پر 10 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور پشاور میں مزید بارش متوقع ہے، جبکہ مری میں وقفے وقفے سے بارش اور شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مالاکنڈ اور مردان میں بارش اور بالائی علاقوں میں مزید برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آج سے پیر تک ملک کے کن حصوں میں بارش اور برفباری ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
کوہاٹ، کرم، خیبر، ہنگو، پاراچنار، باجوڑ، بنوں، لکی مروت، ٹانک، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں برفباری جبکہ نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد اور پشاور 10، لاہور 12، کراچی 14، کوئٹہ منفی ایک، مری اور گلگت 2 جبکہ مظفرآباد میں درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔













