متنازع سارکو (Sarco) خودکشی پوڈ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جب اس کے موجد فلپ نِچکے نے انکشاف کیا کہ جوڑوں کے لیے ایک نیا اور بڑا ورژن تیار کیا جا رہا ہے۔ اس نئے ماڈل کو ’ڈبل ڈچ سارکو‘ کا نام دیا گیا ہے، جو 2 افراد کے لیے بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ڈھاکہ، پاکستانی شہری کی فیملی تنازع کے دوران خودکشی کی کوشش
نِچکے کے مطابق اس پوڈ میں ایسا نظام ہوگا کہ دونوں افراد کو بیک وقت بٹن دبانا ہوگا، بصورت دیگر مشین فعال نہیں ہوگی۔ نئے پوڈ میں مصنوعی ذہانت (AI) کو بھی شامل کیا جائے گا جو استعمال کرنے والوں کی ذہنی صلاحیت کا جائزہ لے گی۔
سارکو پوڈ پہلی بار 2019 میں سوئٹزرلینڈ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ تھری ڈی پرنٹڈ کیپسول نائٹروجن گیس خارج کرتا ہے جس سے اندر آکسیجن کی مقدار خطرناک حد تک کم ہو جاتی ہے اور موت واقع ہو جاتی ہے، وہ بھی بغیر کسی طبی نگرانی کے۔
فلپ نِچکے کا کہنا ہے کہ انہیں کئی جوڑوں کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی جا چکی ہے، جن میں ایک برطانوی جوڑا بھی شامل ہے جس نے ایک دوسرے کی بانہوں میں مرنے کی خواہش ظاہر کی۔
مزید پڑھیں: لاہور: یونیورسٹی طالبہ نے خودکشی کی کوشش کیوں کی؟ وجوہات سامنے آ گئیں
2024 میں اس پوڈ کا پہلا دستاویزی استعمال سامنے آیا تھا، جب ایک 64 سالہ امریکی خاتون نے سوئٹزرلینڈ میں اس ڈیوائس کے ذریعے جان دی۔ واقعے کے بعد حکام نے پوڈ ضبط کر لیا تھا، تاہم بعد ازاں سوئس پراسیکیوٹرز نے قتل کے الزامات عائد کرنے سے انکار کر دیا۔












