سوشل میڈیا پر شخصیات کی نجی زندگی کو موضوعِ بحث بنانا اب ایک معمول بنتا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں حالیہ دنوں میں صحافی و ڈیجیٹل کریئٹر فرح یوسف اور ان کے شوہر اقرار الحسن کے تعلقات بھی افواہوں کی زد میں رہے۔ ان قیاس آرائیوں پر فرح یوسف نے خاموشی توڑتے ہوئے واضح مؤقف پیش کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اقرار الحسن ماہانہ کتنے لاکھ روپے خرچ دیتے ہیں، فرح اقرار نے بتا دیا
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران فرح یوسف نے نہ صرف اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو مسترد کیا بلکہ یہ بھی بتایا کہ کس طرح یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر غیر ذمہ دارانہ سرخیوں کے ذریعے ذاتی رشتوں کو سنسنی خیز بنایا جاتا ہے۔
ان کے مطابق کئی وی لاگز میں ایسی زبان استعمال کی جاتی ہے جو نہ صرف گمراہ کن بلکہ توہین آمیز بھی ہوتی ہے۔
فرح یوسف کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ویوز کی دوڑ نے سچ اور جھوٹ کی لکیر مٹا دی ہے، جس کا سامنا صرف وہی نہیں بلکہ دیگر معروف شخصیات بھی کر چکی ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ بعض اوقات شادی یا کسی تقریب کے بعد بلاجواز دوسری شادی یا علیحدگی کی خبریں گھڑ لی جاتی ہیں، حتیٰ کہ سینیئر افراد کی وفات تک کی جھوٹی اطلاعات پھیلائی جاتی ہیں۔
اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا اور اقرار الحسن کا رشتہ وقت کے ساتھ مضبوط ہوا ہے۔ ابتدا میں پیشہ ورانہ فاصلے اور سینیئر جونیئر تعلق کے باعث جھجھک ضرور رہی، تاہم رفتہ رفتہ یہ رشتہ دوستی اور باہمی اعتماد میں بدل گیا۔
فرح یوسف کے مطابق وہ فطری طور پر شرمیلی ہیں اور ہر بات سب کے ساتھ شیئر کرنا ان کی عادت نہیں، اسی لیے خاموشی کو اکثر غلط معنی پہنائے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوئی شخص بے وفائی کرے تو انسان کیا کرے؟ فرح اقرار الحسن کی نصیحت
ان کا کہنا تھا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے اور ان کی ازدواجی زندگی احترام، دوستی اور باہمی سمجھ بوجھ پر قائم ہے۔
واضح رہے کہ فرح یوسف نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز 2007 میں بطور نیوز اینکر کیا تھا اور وہ مختلف قومی چینلز سے وابستہ رہیں۔ اس وقت وہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے سماجی اور صحافتی موضوعات پر بات کررہی ہیں۔













