چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کے احکامات کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر فیصلہ کریں گے کہ مذاکرات کب اور کس کے ساتھ کیے جائیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں اپوزیشن لیڈرز کی تعیناتی کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اب مذاکرات کے معاملات ان کے اختیارات میں ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات سے قبل اپنے کیے پر دنیا کے سامنے معافی مانگے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
بیرسٹر گوہر نے مزید کہاکہ انہیں میڈیا کے ذریعے یہ معلوم ہوا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ میں انفیکشن ہے، اور اگر یہ درست ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فیملی ملاقاتوں پر سیاست کا اثر نہیں ہونا چاہیے اور پچھلی ملاقات کے دوران بھی انہوں نے اکیلے ملاقات نہ کرنے کا کہا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشتگردی کے حوالے سے کہاکہ اس معاملے میں کوئی نرم رویہ یا سیاست برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ ہماری آپس کی لڑائی میں دہشتگرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ انخلا کے مسئلے پر باہمی رابطے کے ذریعے حل نکالا جائے، پریس ریلیز جاری کرنا مسئلے کا حل نہیں۔
صحت اور سماجی امور پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کے پی حکومت کی طرف سے نئے اسپتالوں کے اعدادوشمار ان کے پاس نہیں ہیں، البتہ ہیلتھ کارڈ کے اجرا کو اچھا اقدام قرار دیا۔
مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت تک کا سفر، پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے کیا نئی حکمت عملی اپنا رہی ہے؟
انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور بچیوں کی شادی کی عمر میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔














