پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے باوجود جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کی کسی کو اجازت نہ ملی، بہنوں کی جیل کے قریب قرآن خوانی
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل انتظامیہ نے بیرسٹر گوہر کو ملاقات کی اجازت دی تھی، تاہم انہوں نے اکیلے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے درخواست کی کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ایک فیملی ممبر یا وکیل بھی موجود ہوں۔
اطلاعات کے مطابق بیرسٹر گوہر کو جیل کے داخلی دروازے تک آنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن اس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان کے احکامات کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر فیصلہ کریں گے کہ مذاکرات کب اور کس کے ساتھ کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ انہیں میڈیا کے ذریعے یہ معلوم ہوا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ میں انفیکشن ہے، اور اگر یہ درست ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔
مزید پڑھیں: مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور ناصر عباس کے پاس، وہی فیصلہ کریں گے، بیرسٹر گوہر
انہوں نے واضح کیا کہ فیملی ملاقاتوں پر سیاست کا اثر نہیں ہونا چاہیے اور پچھلی ملاقات کے دوران بھی انہوں نے اکیلے ملاقات نہ کرنے کا کہا تھا۔














