کراچی سے تعلق رکھنے والی صفیہ بی بی اپنے شوہر کے ساتھ پیدل پاکستان کی سیر کے لیے نکلی ہیں۔ انہوں نے اپنے سفر کا آغاز کراچی سے کیا تھا اور اب پشاور پہنچ چکے ہیں۔
صفیہ بی بی ہاؤس وائف ہیں جبکہ ان کے شوہر کا اپنا کاروبار ہے۔ دونوں کو پاکستان گھومنے کا شوق تھا اور اسی شوق کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے پیدل پاکستان کی سیر کا ارادہ کیا۔ صفیہ بی بی کے شوہر محمد ریحان نے بتایا کہ انہیں گھومنے کا شوق تھا اور ان کی بیوی کو بھی۔
ریحان نے بتایا کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے اور انہوں نے اپنے سفر کا آغاز پاکستان کی خوبصورت وادیوں کی جانب کیا۔ ان کے مطابق اچھی بات یہ ہے کہ ہم دونوں دنیا دیکھنا چاہتے ہیں اور اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے ہم نے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پیدل سفر، وہ بھی خاتون کے ساتھ، آسان نہیں تھا، مگر ان کی بیوی کی ہمت نے انہیں حوصلہ دیا۔ ہم نے 3 نومبر 2025 کو کراچی سے اپنے پیدل سفر کا آغاز کیا، کراچی سے بلوچستان گئے اور پھر کوئٹہ سے پشاور کا سفر شروع کیا۔
صفیہ بی بی بتاتی ہیں کہ وہ پاکستان کی چھپی ہوئی ثقافت اور خوبصورتی کو دیکھنا چاہتی تھیں، اسی وجہ سے انہوں نے گاڑی کے بجائے پیدل سفر کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق ہم نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی خوبصورتی خود بھی دیکھیں گے اور دنیا کو بھی دکھائیں گے۔
وہ بتاتی ہیں کہ ان کے پاس مختصر سامان ہے، جس میں ایک چھوٹا ٹینٹ اور چند جوڑے گرم کپڑے شامل ہیں۔ جہاں رات ہو جاتی ہے، وہیں ہم رات گزار لیتے ہیں۔ کئی مقامات پر ہوٹل اور آبادی نہ ہونے کے باعث سڑک کے کنارے رات گزاری۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام علاقے بہت محفوظ ہیں اور لوگ بے حد مہمان نواز ہیں۔
مزید پیدل سفر کا احوال اس ویڈیو رپورٹ میں۔













