وفاقی آئینی عدالت میں ایس ایم ایس نوٹیفیکیشن سروس کا آغاز

بدھ 28 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی آئینی عدالت نے سائلین اور وکلا کو کیس سے متعلق بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے ایس ایم ایس نوٹیفیکیشن سروس متعارف کرا دی ہے۔

اس نئی سہولت کے تحت مقدمات کے فریقین اور ان کے قانونی نمائندوں کو کیس کی اہم پیش رفت سے متعلق خودکار پیغامات موصول ہوں گے۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس سروس کے ذریعے کیس کے اندراج، سماعتوں کی تاریخ مقرر ہونے، اور دیگر عدالتی کارروائیوں سے متعلق معلومات ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت: ججز ٹرانسفر کیس سے متعلق 5 انٹرا کورٹ اپیلیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج

اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، معلومات تک رسائی کو آسان بنانا اور معمولی نوعیت کی معلومات کے لیے عدالت کے غیر ضروری دوروں میں کمی لانا ہے۔

’ایس ایم ایس نوٹیفیکیشن سروس عدالتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر عدالتی انتظامی امور کو مزید مؤثر اور عوامی خدمات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔‘

مزید پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت: صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کے لیے درخواست دائر

اعلامیے کے مطابق اس سہولت کے ذریعے مقدمات کے انتظام اور متعلقہ فریقین کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا، جبکہ عدالتی عمل کی شفافیت، بروقت اطلاع رسانی اور بہتر ہم آہنگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

عدالت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے ذریعے ادارہ جاتی کارکردگی کو مضبوط بنایا جائے گا، ساتھ ہی عدالتی عمل کی رازداری اور وقار کا مکمل تحفظ بھی یقینی رکھا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایس ایم ایس سروس وفاقی آئینی عدالت میں درج پرانے اور نئے دونوں طرح کے مقدمات کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آئندہ مرحلہ وار مزید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp