حکومت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے درمیان اڑان پاکستان پروگرام کے تحت معاشی اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرلیے گئے۔
ایم او یو پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے دستخط کیے۔
مزید پڑھیں: 2025-26 کی پہلی سہ ماہی، ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا کیوں؟ احسن قبال نے بتادیا
معاہدے کی تقریب میں صدر اسلام آباد چیمبر سردار طاہر، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارو جدون، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین سمیت دیگر شرکا موجود تھے۔
ایم او یو کے تحت 2047 تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے حکومتی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت اور صنعت مل کر کام کریں گے۔
اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کے فروغ کے لیے حکومت اور انڈسٹری کے مابین تعاون بڑھایا جائے گا، جبکہ حکومتی معاشی ویژن پر عملدرآمد اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے بھی باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، احسن اقبال
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا اور عدم استحکام کے باعث ملک 10 روز قبل ہی انٹرنل ڈیفالٹ کر چکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مزید چند ہفتے گزر جاتے تو ملک ایکسٹرنل طور پر بھی ڈیفالٹ کر جاتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی طرف لے آئی ہے اور آج دنیا کے تمام بڑے ادارے پاکستان کی معاشی بحالی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو سراہا جا رہا ہے، تاہم ملک کے اندر سیاسی مقاصد کے لیے تنقید کی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے اور ہمیں اپنی معیشت کو ایکسپورٹ پر مبنی معیشت بنانا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کے ہر ضلع کے لیے الگ الگ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ پلان تشکیل دیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہاکہ پاک فوج نے ہمیں معرکہ حق جیت کر دیا، اب ہمیں معرکہ ترقی جیتنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے اور ملک میں فتنہ و فساد کی سیاست کرنے والوں کو رد کرنا ہوگا۔
اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی کا روڈ میپ ہے، عاطف اکرام شیخ
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہاکہ اڑان پاکستان پروگرام پائیدار ترقی، برآمدات میں اضافے اور معاشی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی کا روڈ میپ ہے اور بزنس کمیونٹی کے تعاون کی بدولت حکومت ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری ملکی معیشت پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے، خواجہ آصف کا اظہار اطمینان
عاطف اکرام شیخ نے کہاکہ معیشت کی پائیدار ترقی صنعتوں کی بحالی سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے اپنے سے چھ گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دنیا بھر میں پذیرائی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں معاشی استحکام آ چکا ہے، اب ملک کو معاشی ترقی کی جانب لے جانا ہوگا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہاکہ انڈسٹری کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، بجلی کی قیمت 8 سینٹ، ٹیکسز میں کمی اور شرح سود کو 7 فیصد پر لایا جانا چاہیے۔














