وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ہمیشہ کی طرح بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت کا عملی اظہار کرے گی۔
انجینیئر امیر مقام نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بین وزارتی اور بین الصوبائی رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت کے نتیجے میں ہزاروں کشمیری شہید اور ہزاروں قید خانوں میں موجود ہیں جبکہ ہزاروں بچے یتیم ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر: تاریخ، سیاست اور عالمی ضمیر کا امتحان
انہوں نے کہاکہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پوری قوم اس عزم کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائے گی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے۔
انجینیئر امیر مقام نے تمام پارلیمانی جماعتوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر میں بھرپور شرکت کریں تاکہ بھارت کو یہ پیغام واضح طور پر دیا جا سکے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر متحد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، وفاقی سیکریٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن، ایڈیشنل سیکریٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان کامران رحمان خان اور جوائنٹ منور حسین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کے حوالے سے جامع لائحہ عمل پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزارتوں اور چاروں صوبائی حکومتوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان نے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔














