گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تیراہ کے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کیا، وہاں پر کوئی آپریشن نہیں ہو رہا جبکہ وفاقی حکومت کا بھی آپریشن کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی کو فوج سے جوڑنا سراسر غلط ہے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے آپریشن کا شور مچایا ہوا ہے، تاہم قیدی نمبر 804 اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہاکہ خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے کی بہتری اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اسی حوالے سے وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی نے کہاکہ نوجوان صوبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر صرف صوبے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
اختیار ولی نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں ترقی کے پیچھے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ پروگرام سب سے پہلے محمد نواز شریف نے شروع کیا اور ملک بھر میں سڑکوں کا جال بھی انہی کے دور میں بچھایا گیا۔














