وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی ترجیحات متعین کر دی ہیں، جس میں جی ڈی پی گروتھ، کلائمٹ ریزیلینس، اور تنخواہ دار طبقے کی سہولت کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ حکومت نے اگلے مالی سال کے لیے 5.1 فیصد جی ڈی پی گروتھ کا ہدف رکھا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق بجٹ میں مہنگائی 6.5 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے، بجٹ کی تیاری میں ماحولیاتی ٹیکسز، نان ٹیکس ریونیو، اور کلائمٹ ریلیٹڈ سبسڈیز پر زور دیا جائے گا، جو حکومت کی پائیدار ترقی کی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بجٹ خسارہ 9 سال کی کم ترین سطح پر، مالی سال 2024-25 میں 5.4 فیصد ریکارڈ
تمام وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماحولیاتی اور کلائمٹ ریلیٹڈ اخراجات کی شناخت کریں، اب انکم اور اسپینڈنگ کے کلیدی حصے کلائمٹ چینج کے حوالے سے الگ ٹیگ کیے جائیں گے، مضبوط ڈیزاسٹر بجٹنگ فریم ورک قدرتی آفات سے بہتر تیاری کو یقینی بنائے گا۔
نان ٹیکس ریونیو کا کلائمٹ امپیکٹ جانچا جائے گا اور پولیوٹنگ سرگرمیوں پر محصولات کلائمٹ ٹارگٹس سے جوڑے جائیں گے۔ سبز ریونیو توانائی، ٹرانسپورٹ اور آلودگی کے چیلنجز پر مرکوز ہوگی ۔
سبسڈیز کو کلائمٹ ایڈاپٹیشن اور میٹیگیشن، ایگریکلچرل انشورنس، کلائمٹ انفراسٹرکچر ایڈاپٹیشن، کلین انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کے لیے تقسیم کیا جائے گا۔ بجٹ میں شفافیت اور ماحولیاتی اہداف کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 26-2025: آن لائن کاروبار اور امپورٹڈ اشیا پر نئے ٹیکسز سے چھوٹے تاجر پریشان
حکومت آئندہ ماہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ تیسری اکنامک ریویو کی تیاری کررہی ہے، جس کی تکمیل پاکستان کے لیے اگلے ایک بلین ڈالر کے حصول کی راہ ہموار کرے گی۔
حکومت عوام، تنخواہ دار طبقے اور انڈسٹریل سیکٹر کے لیے ریلیف اقدامات پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے نئی ترجیحات طے کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ تجاویز اور عملی سفارشات اگلے دو ہفتوں میں پیش کی جائیں تاکہ عوامی ریلیف کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ خزانہ نے بجٹ کال سرکلر جاری کرتے ہوئے بجٹ سازی کے شیڈول کی منظوری دے دی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق بجٹ 27-2026 کیلئے بجٹ کال سرکلر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ عبوری معاشی فریم ورک رواں ماہ کے دوران تیار کیا جائے گا، مڈ ایئر ریویو رپورٹ فروری 2026 میں قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کا شفافیت کے فروغ اور بجٹ میں 14 ارب روپے کی بچت کا دعویٰ
وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اہم بجٹ فارم، ریونیو اور اخراجات کے نظرثانی شدہ تخمینے اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات 20 فروری تک جمع کرائیں۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق بجٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس 30 مارچ سے 12 اپریل 2026 تک ہوں گے جبکہ ایکسچینج ریٹ سے متعلق اطلاع 15 اپریل کو دی جائے گی، بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی منظوری 20 اپریل تک لی جائے گی اور کرنٹ و ترقیاتی بجٹ کیلئے بجٹ سیلنگ 21 سے 25 اپریل کے دوران جاری کی جائے گی۔
سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس مئی کے پہلے ہفتے اور قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی کے دوسرے ہفتے میں ہوگا، تمام بجٹ دستاویزات مئی کے آخر تک مکمل کی جائیں گی جبکہ سہ ماہی بجٹ تخمینے 30 جون تک جمع کرائے جائیں گے۔














