ملائیشیا میں لالاموو کے ایک رائیڈر کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب اسے کاکروچز سے بھرا بیگ ڈیلیور کرنے کی درخواست موصول ہوئی۔ یہ غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈیلیوری سروسز کی حدود پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ایک پارٹ ٹائم لالاموو رائیڈر نے تھریڈز پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اسے زندہ کاکروچز سے بھرا جالی دار بیگ ڈیلیور کرنے کو کہا گیا تھا، جس میں انڈوں کے کٹے ہوئے کارٹن رکھے گئے تھے تاکہ کیڑے ان میں چھپ سکیں۔ رائیڈر نے تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں بیگ کے اندر حرکت کرتے کاکروچز دکھائی دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بیجنگ میں کاکروچ کافی کی دھوم، ’اتنی بھی گھِناؤنی نہیں جتنی سمجھی تھی‘
ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کاکروچز پالتو رینگنے والے جانوروں جیسے گیکوز، بیئرڈڈ ڈریگنز یا شوگر گلائیڈرز کو خوراک کے طور پر دیے جانے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ رائیڈر نے یہ ڈیلیوری قبول کی یا نہیں۔
View on Threads
اس واقعے کے بعد رائیڈر نے دیگر ڈیلیوری ورکرز سے بھی ان کے عجیب تجربات کے بارے میں سوال کیا، جس پر کئی حیران کن کہانیاں سامنے آئیں۔ ایک رائیڈر نے بتایا کہ اس نے ایک بار سمندر کے نیچے بچھائی جانے والی انٹرنیٹ کیبلز کے نمونے ڈیلیور کیے جو حد سے زیادہ بھاری تھے۔ ایک اور رائیڈر نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک ویتنامی ریسٹورنٹ تک 15 بڑے مینڈک پہنچائے جو سفر کے دوران شور مچاتے رہے اور ٹریفک سگنل پر توجہ کا مرکز بن گئے۔
ایک صارف نے ایک گریب ڈرائیور کا واقعہ بیان کیا جس نے پنجرے اور ڈبے میں بند نامعلوم غیر ملکی جانور ڈیلیور کیے، بعد میں معلوم ہوا کہ ڈبے کے اندر موجود جانور ایک البائنو مگرمچھ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ مینڈک کا زہر پینے سے ہلاک
اسی دوران ایک خاتون صارف نے بتایا کہ اس کی بہن، جو ڈیلیوری رائیڈر تھی، نے ایک مرتبہ اسپتال سے ایک مردہ فیٹس ایک مذہبی شخصیت کے گھر پہنچایا، جہاں اسے فریزر میں رکھنے کی ہدایت دی گئی، جس میں دیگر فیٹس بھی موجود تھے۔
ان واقعات کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ آیا لالاموو کے ذریعے جانوروں کی ترسیل کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں۔ ایک صارف نے بتایا کہ وہ بلی ڈیلیور کرنا چاہتا تھا مگر کمپنی کی ٹرمز اینڈ کنڈیشنز میں جانوروں کی ترسیل پر پابندی درج ہے۔ تاہم کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اکثر ایسی ڈیلیوریز کمپنی کی علم میں لائے بغیر براہ راست رائیڈرز سے رابطے کے ذریعے کی جاتی ہیں۔
لالاموو کیا ہے؟
لالاموو ایک آن ڈیمانڈ ڈیلیوری سروس ہے جو بنیادی طور پر ایشیائی ممالک میں کام کرتی ہے۔ یہ سروس موبائل ایپ کے ذریعے چلتی ہے، جس کے ذریعے لوگ یا کاروبار فوری طور پر سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچوانے کے لیے رائیڈر یا ڈرائیور بک کر سکتے ہیں۔
لالاموو کا طریقہ کار یہ ہے کہ صارف ایپ میں ڈیلیوری کی تفصیل درج کرتا ہے، جیسے سامان کی نوعیت، پک اپ اور ڈراپ آف لوکیشن، جس کے بعد قریبی رائیڈر کو آرڈر مل جاتا ہے۔ یہ سروس عام طور پر دستاویزات، پارسل، کھانے پینے کی اشیا اور تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارجنٹائن میں 7 کروڑ سال پرانا دیوقامت مگرمچھوں کا بُل ڈاگ دریافت
لالاموو ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، فلپائن اور دیگر ممالک میں فعال ہے اور تیز رفتار اور کم لاگت ڈیلیوری کی وجہ سے مقبول سمجھی جاتی ہے۔ تاہم کمپنی کی پالیسی کے مطابق بعض اشیا، خاص طور پر جانوروں اور خطرناک مواد کی ترسیل پر پابندی عائد ہے۔














